سیپا کا عالمی یوم ماحول پر سیمینار، اسٹیج ڈرامہ، میوزک شو اور سائیکل ریلی

سیپا کا عالمی یوم ماحول پر سیمینار، اسٹیج ڈرامہ، میوزک شو اور سائیکل ریلی

Posted on: 06 Jun 2022   Tags:

سیپا کا عالمی یوم ماحول پر سیمینار، اسٹیج ڈرامہ، میوزک شو اور سائیکل ریلی
کراچی: ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ(سیپا) نے عالمی یوم ماحول کے موقع پر اتوار کے روز فروزاں پاکستان کے اشتراک اور اینگرو کے تعاون سے آرٹس کاؤنسل آف پاکستان میں سیمینار، اسٹیج ڈرامہ اور لائیو میوزک شو منعقد کیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی محمد اسماعیل راہو تھے۔ اس سے قبل علی الصبح سیپا نے دو سائیکل ریلیاں ایک سخی حسن اور دوسری ایف ٹی سی بلڈنگ سے نکالی اور دونوں ریلیاں مزار قائد آعظم پر اختتام پذیر ہوئیں۔
عالمی یوم ماحول کے نعرے رہنے کے لیے بس یہی زمین ہے کے عنوان پر منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا کہ آبی اور فضائی آلودگی ماحول اور انسانی صحت کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ہیں کیونکہ یہ دونوں براہ راست ماحول اور انسانی صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کوئی بھی ماحولیاتی مسئلہ اکیلے حل نہیں کیاجاسکتا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقین مل جل کر اُسے پائیدار بنیادوں پر حل کریں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ صنعتی طور پر ترقی یافتہ اقوام نے ابتداء میں تو ماحول کو خوب نقصان پہنچایا تھا تاہم معاملے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اُنہوں نے پھر ایسے صنعتی پیداوار طریقے اختیار کیے جن سے ماحول کوکم سے کم نقصان ہو جبکہ ہماری طرح ترقی کے پذیر ممالک کو اپنے ماحولیاتی امور محفوظ کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی حکومت سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد حسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی قوانین کے موثر نفاذ میں عوامی آگہی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر لوگوں میں شعور ہوگا تو وہ ماحولیاتی قوانین کے سختی کے ساتھ نفاذ کو خوش آمدید کہتے ہیں جبکہ دوسری صورت میں ماحولیاتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سمینار کے آغاز میں سیپا کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل وقار حسین پھلپوٹو نے اپنے خطاب میں ادارے کے فرائض، ذمہ داریوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اپنے محدود وسائل کے ساتھ سیپا نے اپنی افرادی قوت ترجیحی طور پر صنعتی اور طبی آلودگی کی روک تھام کے لیے لگا رکھی ہے تاکہ لوگوں کی صحت اور ماحول دونوں کی بیک وقت حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔
معروف ماہر ماحولیات شاہد لطفی نے اس سال کے یوم ماحول کے نعرے رہنے کے لیے صرف یہی ایک دنیا ہے پر تفصیلی پریزینٹیشن دی اور کہا کہ یہ دنیا ہمیں بہتری کے لامحدود مواقع دیتی ہے لیکن اپنی کوتاہ اندیشی کے باعث ہم اُن کا فائدہ نہیں اُٹھاتے ہیں اور عارضی فوائد کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں، اور اسی طرز عمل نے دنیا کی طاقت کو کمزوری میں بدل دیا ہے۔
شعبہ صحت کی معروف شخصیت ڈاکٹر ٹیپو سلطان جو فروزاں رسالے کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آبی آلودگی ہمیں سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے جس کے لیے ہمیں چاہیے کہ کم از کم خوانچہ فروشوں سے کوئی مشروب نہ خریدیں اور گھر کے کھانے اور مشروبات کو ترجیح دیں۔
فروزاں کے مدیر محمود خالد عالم نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اپنے میگزین کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا جبکہ آخر میں سیپا کے ڈپٹی ڈائریکٹر عوامی شعور مجتبیٰ بیگ نے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کراچی یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وقار نے شیلڈز کی تقسیم کی نظامت کی۔ صوبائی وزیر سے تمام مقررین نے شیلڈ ز وصول کیں جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ماحولیات محمد حسن اقبال نے وزیر ماحولیات کو شیلڈ پیش کی۔
بعد ازاں سانس لینا محال کے نام سے اسٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی کے باعث کس طرح لوگوں اور خاص طور پر بچوں کی صحت خراب ہورہی ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ عوام اور حکومت مل جل کر ہی ماحول کی بہترحفاظت کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل صبح سویرے سیپا کی جانب سے دو سائیکل ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں سے ایک ایف ٹی سی بلڈنگ جبکہ دوسری سخی حسن چورنگی سے نکالی گئی۔ دونوں ریلیوں کا اختتام مزار قائد پر ہوا جہاں شرکاء میں ستائشی اسناد تقسیم کی گئیں۔ پروفیشنل اور شوقیہ سائیکل سواروں کے علاوہ سیپا کے افسران اور عملے نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
عالمی یوم ماحول کی ایک اور سرگرمی آگہی واک اور شجرکاری تھی جو سیپا اور ڈی ایچ اے کراچی کے اشتراک سے ڈیفنس فیز آٹھ میں ایمار کے قریب عبدالستار ایدھی روڈ پر منعقد کی گئی۔ واک کی قیادت ڈی ایچ اے کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈئیر رائے عاصم مصطفی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی محمد حسن اقبال اور ڈائریکٹر جنرل سیپا نعیم احمد مغل نے کی۔ واک کے شرکاء نے ماحولیاتی آگہی بڑھانے والے مختلف قسم کے پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے۔
واضح رہے کہ یوم ماحول کی گولڈن جوبلی کے موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات محمد اسماعیل راہو اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری ماحولیات محمد حسن اقبال کی ہدایت پر سیپا نے اس سال ہفتہ ماحولیات منایا جس میں درج بالا سرگرمیوں کے علاوہ، پورے ہفتہ مختلف شعوری سرگرمیاں کی جاتی رہیں۔ جن میں صحافیوں کو موسمیاتی تبدیلی پر رپورٹنگ سکھانے کے لیے تربیتی ورکشاپ اور گاڑیوں کے دھویں پر عوامی آگہی بیدار کرنے کے لیے مصروف شاہراہوں پر مفت پمفلٹ کی تقسیم بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں بشمول حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد اور سکھر ریجن کے تمام اضلاع میں بھی اس موقع پر مختلف سرگرمیاں بشمول واک، شجرکاری اور سیمینار منعقد کرائے گئے۔

Back