عالمی یوم ماحول کی گولڈن جوبلی پر سیپا ہفتہ ماحولیات منارہا ہے

عالمی یوم ماحول کی گولڈن جوبلی پر سیپا ہفتہ ماحولیات منارہا ہے

Posted on: 01 Jun 2022   Tags:

عالمی یوم ماحول کی گولڈن جوبلی پر سیپا ہفتہ ماحولیات منارہا ہے

کراچی: ساری دنیا میں ہر سال پانچ جون کو منائے جانے والے عالمی یوم ماحول کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر اس سال ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) ہفتہ ماحول منارہا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں پورے ہفتے عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے رنگارنگ تقاریب منعقد کی جارہی ہیں. یاد رہے کہ 1972 میں پہلی بار اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے ساری دنیا میں یوم ماحول منایا گیا تھا.
سیپا کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل نے آج منگل کو ہفتہ ماحولیات کی منظوری دینے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے صوبے میں سیپا کے علاقائی دفاتر کو ہفتہ ماحولیات بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایات دی جاچکی ہیں جبکہ حکومتی سطح پر تمام متعلقہ محکموں کے سربراہوں کے ساتھ ساتھ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو یہ دن اپنی اپنی سطح پر منانے کی بھی درخواست کی جاچکی ہے اس کے علاوہ مختلف صنعتی و تجارتی انجمنوں سے بھی تحریری طور پر کہا جاچکا ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں اس موقع پر ماحولیاتی شعور اجاگر کریں.
سیپا کے تحت اس حوالے سے کراچی میں آج بروز بدھ کراچی پریس کلب میں ماحولیاتی صحافیوں کی نمائندہ تنظیم گرین میڈیا انیشیٹو کے اشتراک سے صحافیوں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کیا جارہا ہے جس میں خواتین صحافیوں کو موسمیاتی تبدیلی پر رپورٹنگ کرنے کی عملی تربیت دی جائے گی.
اسی طرح جمعہ تین جون کو کراچی کے تمام اضلاع میں دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف شعوری مہم چلائی جارہی ہے. جس کے تحت کراچی کی بیس مصروف شاہراہوں پر سیپا کے اہلکار اور رضاکار گاڑیاں مالکان اور ڈرائیوروں میں پمفلٹ تقسیم کریں گے جس میں گاڑیوں کے دھویں سے ہونے والے نقصانات اور اس کی روک تھام کے طریقوں کے بارے میں بتایا گیا ہے.
ہفتہ چار جون کو ڈی ایچ اے کے اشتراک سے کلاک ٹاور (ولیج) سے ایمار تک اوئیرنیس واک اور شجرکاری کی جارہی ہے.
اتوار پانچ جون کو کراچی سائیکلسٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے صبح سات بجے سو سو سائکلسٹس کی دو ریلییاں نکالی جائیں گی جن میں سے پہلی صبح سات بجے فیاض سینٹر بالمقابل ایف ٹی سی بلڈنگ سے اوردوسری ریلی سخی حسن سے صبح سات بجے ہی شروع ہوکر مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے عوام کو کم سے کم کاربن کے اخراج کے فوائد کے بارے میں آگاہ کریں گی اور دونوں ریلیوں کا اختتام مزار قائد پر ہوگا.
اتوار پانچ جون کو ہی دن گیارہ بجے آرٹس کاؤنسل آف پاکستان کراچی میں ماحولیاتی اشاعتی ادارے فروزاں پاکستان کے تعاون سے کلائمٹ فیسٹول منعقد کیا جارہا ہے جس میں سب سے پہلے صبح گیارہ بجےاس سال کے عالمی یوم ماحول کے عنوان صرف ایک زمیں پر شعوری سیمینار منعقد ہوگا اس کے بعد موسمیاتی تبدیلی پر اسٹیج ڈرامہ پیش کیا جائے گا اور سب سے آخر میں معروف میوزیکل بینڈ عوج ماحولیاتی نغمے پیش کرے گا.
یکم جون سے سیپا کے فیس بک پیج اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر ماحولیاتی پیغامات کے ویڈیو کلپس کے ذریعے شعوری مہم بھی چلائی جارہی ہے.
اس کے علاوہ سیپا کے تمام ریجنل دفاتر صوبے کے تمام بڑے شہروں میں اوئیرنیس واک, شجرکاری مہم, سیمینار اور دیگر شعوری سرگرمیاں منعقد کرائیں گے.
سیپا کے ڈی جی نعیم احمد مغل نے تمام نجی و سرکاری اداروں کے عملے و افسران کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں, میڈیا, سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ و نمائندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ سیپا کا ساتھ دیتےہوئے عالمی یوم ماحول کے موقع پر عوام میں ماحولیاتی بیداری پیدا کریں تاکہ انفرادی ماحولیاتی ذمہ داریاں بہتر انداز سے نباہی جاسکیں.

Back