ترکیہ میں جاری کوپ 31کے دوران سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی سندھ کی نمائندگی

ترکیہ میں جاری کوپ 31کے دوران سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی سندھ کی نمائندگی

Posted on: 18 Nov 2026   Tags:

ترکیہ میں جاری کوپ 31کے دوران سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی سندھ کی نمائندگی،ڈیلٹا بلیو کاربن،ماحول دوست بھٹوں اور توانائی کے مستقبل سے متعلق مختلف اجلاسوں کی صدارت

سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی600روایتی بھٹوں کی نشاندہی، زیگ زیگ ٹیکنالوجی سےایندھن کا استعمال 24 فیصد کم، اینٹوں کی مضبوطی 87 فیصد بڑھی

کراچی(17 نومبر) ترکیہ میں جاری اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے فریقین کی اکتیسویں عالمی کانفرنس (کوپ 31) کے دوران سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی فیصل احمد عقیلی نے سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف اجلاسوں کی صدارت کی جن میں ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے، اینٹوں کے بھٹوں کو ماحول دوست اور جدید زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے، اور سندھ میں توانائی کے مستقبل، تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری فیصل احمد عقیلی کی جانب سے سندھ کے اقدامات اور ماحول دوست پالیسیز کو عالمی منظر نامے پر اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں تقریباً 600 روایتی اینٹوں کے بھٹے فضائی آلودگی کا باعث ہیں، جن سے قریبی علاقوں کے ایک لاکھ سے ایک لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہوتے ہیں۔ سندھ حکومت نے 2025 کے نئے قواعد کے تحت بھٹوں کے لیے زیگ زیگ یا دیگر ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانا لازمی قرار دیا ہے۔سی آر ایس اور آئی سی آئی ایم او ڈی کے تعاون سے چار بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جاچکا ہے، جس سے فضائی آلودگی میں 53 فیصد، ایندھن کے استعمال میں 24 فیصد اور کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ اینٹوں کی مضبوطی میں 87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔حکومت کا مقصد بھٹوں کو بند کرنا نہیں بلکہ انہیں ماحول دوست بنانا ہے تاکہ مزدوروں کے روزگار کا تحفظ بھی ہو اور عوام کو صاف ہوا میسر آئے۔ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے اور سندھ میں کاربن مارکیٹ کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے سرمایہ کاری سے متعلق سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کاربن مارکیٹ کے فروغ اور عالمی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے محکمہ ماحولیات میں خصوصی یونٹ قائم کیا ہے، جو ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے کے تجربات کو آگے بڑھاتے ہوئے جنگلات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور کچرے کے شعبوں میں نئے کاربن منصوبوں کی تیاری، منظوری، نگرانی اور شفافیت یقینی بنا رہا ہے۔ خصوصی یونٹ کے ذریعے نجی سرمایہ کاروں، بین الاقوامی اداروں اور سرکاری محکموں میں رابطہ کاری بھی کی جا رہی ہے۔ سندھ میں دریائی جنگلات کی بحالی، بائیو گیس، لائیو اسٹاک کے فضلے، جام چاکرو لینڈ فل سائٹ اور گندے پانی سے میتھین گیس کے حصول سمیت اینٹوں کے بھٹوں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔توانائی کے شعبے پر سندھ کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے سیکریٹری
ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے بتایا کہ سندھ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے شعبے میں پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔ سندھ میں 13 کاربن مارکیٹ منصوبوں اور چھ ترجیحی موسمیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کا مقصد عالمی سرمایہ کاری اور موسمیاتی مالی معاونت حاصل کرنا ہے۔ ان منصوبوں کے لیے شفاف نظام، مستند اعداد و شمار اور ماحولیاتی نتائج کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہے اور کاربن کریڈٹ کے حقیقی فوائد حاصل ہوں۔ سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے صنعتی، کان کنی اور توانائی کے منصوبوں کی ماحولیاتی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا ہے۔ سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ، کاربن اخراج میں کمی اور سیلاب و خشک سالی جیسے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان پویلین میں ہونے والے اجلاسوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سندھ میں صاف توانائی کے منصوبوں، بجلی کی ترسیل کے نظام، جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تحفظ کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کا تعاون ضروری ہے۔ سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے ڈیلٹا بلیو کاربن، ماحول دوست اینٹوں کے بھٹوں اور پائیدار توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے عالمی ترقیاتی و مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ شرکاء اور مقررین نے سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

Back