ترکیہ میں جاری کوپ 31کے دوران سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی سندھ کی عالمی سطح پر ایک اور نمائندگی
ترکیہ میں جاری کوپ 31کے دوران سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی سندھ کی عالمی سطح پر ایک اور نمائندگی
Posted on: 22 Nov 2026 Tags:سیکریٹری ماحولیات فیصل احمدعقیلی نے کوپ31میں سندھ کی موسمیاتی حکمت عملی،شدید گرمی سےنمٹنے کےحکومتی اقدامات کوعالمی سطح پراجاگر کیا
لندن اسکول آف اکنامکس نے سندھ میں شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے ایکسٹریم ہیٹ گورننس فریم ورک متعارف کرادیاسیکریٹری فیصل احمدعقیلی
ترکیہ(19 نومبر) ترکیہ میں جاری اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے فریقین کی اکتیسویں عالمی کانفرنس (کوپ 31) میں سندھ کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل احمد عقیلی نے پاکستان پویلین میں شدید گرمی (ایکسٹریم ہیٹ) سے نمٹنے کے لیے منعقدہ اہم عالمی مباحثے میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبے میں مؤثر حکومتی نظام، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے سندھ حکومت کا مؤقف پیش کیا۔اجلاس کا انعقاد عالمی ادارے کنسرن ورلڈ وائیڈ (Concern Worldwide) نے لندن اسکول آف اکنامکس (LSE) کے اشتراک سے کیا جس میں سندھ میں شدید گرمی کے بڑھتے ہوئے خطرات، ان سے نمٹنے کے لیے موجودہ حکومتی انتظامات اور مؤثر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں لندن اسکول آف اکنامکس کی جانب سے تیار کردہ ایکسٹریم ہیٹ گورننس فریم ورک متعارف کرایا گیا جس کا مقصد شدید گرمی سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین، باہمی رابطہ کاری کو مؤثر بنانا اور موجودہ پالیسیوں میں ضروری اصلاحات کی نشاندہی کرنا ہے۔ اس موقع پر مباحثے میں بتایا گیا کہ سندھ میں شدید گرمی انسانی زندگی، روزگار، صحت عامہ اور بنیادی شہری سہولیات کے لیے ایک بڑھتا ہوا خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے صرف موسمیاتی وارننگز اور ہنگامی امدادی اقدامات کافی نہیں بلکہ ایک مربوط حکومتی نظام، واضح ذمہ داریوں اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی بھی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کے تعاون سے کنسرن ورلڈ وائیڈ اور لندن اسکول آف اکنامکس کی جانب سے مذکورہ فریم ورک کو سندھ کے موجودہ حکومتی اور ادارہ جاتی نظام میں شامل کرنے کے امکانات پر کام کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے سندھ میں شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے حکومتی ترجیحات، موسمیاتی تحفظ اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید گرمی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔ سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے اس بات پر زور دیا کہ شدید گرمی سے متعلق موجودہ پالیسیوں اور حکومتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے انسانی زندگی، عوامی صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کو درپیش خطرات کم کیے جا سکیں۔ مباحثے میں اردن میں شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی، نوجوانوں کے کردار، کمیونٹی کی سطح پر موسمیاتی لچک پیدا کرنے اور عالمی برادری کے تعاون سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتوں، بین الاقوامی ترقیاتی اداروں، تکنیکی ماہرین اور نوجوانوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی کی کوپ 31 کے دوران اس اہم عالمی مباحثے میں شرکت سندھ حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، شدید گرمی کے خطرات میں کمی اور صوبے میں مؤثر ماحولیاتی حکمرانی کے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لندن اسکول آف اکنامکس، کنسرن ورلڈ وائیڈ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے تکنیکی تعاون سے شدید گرمی سے متعلق گورننس فریم ورک کو سندھ کے موجودہ پالیسی اور ادارہ جاتی نظام کا حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات آگے بڑھائے جائیں گے۔
Back