سندھ بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کا نفاذ: سیپا کی ٹیمیں فیلڈ میں
سندھ بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کا نفاذ: سیپا کی ٹیمیں فیلڈ میں
Posted on: 23 Jun 2025 Tags:*پریس ریلیز*
مورخہ 19 جون 2025
*سندھ بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کا نفاذ: سیپا کی ٹیمیں فیلڈ میں*
*کراچی، 19 جون 2025* :سندھ میں ہر قسم کے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے آج ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) کی ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں صوبے بھر کی مارکیٹوں میں سرگرم عمل رہیں۔ ٹیموں نے دن بھر دکان دکان جاکر دکانداروں کو پابندی کے حکمنامے باضابطہ طور پر وصول کروائے اور انہیں سخت تاکید کی کہ آئندہ دورے میں خلاف ورزی کی صورت میں سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سیپا کا ضلعی ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہونے کی وجہ سے شہر کے تمام اضلاع میں پابندی کے نفاذ کی کارروائیوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی گئی۔ *ضلع کیماڑی* کی مانیٹرنگ ٹیم نے شیرشاہ اور میٹروول کی مارکیٹوں کا دورہ کیا، جبکہ *ضلع شرقی* کی ٹیم گارڈن اور اسکیم 33 میں متحرک رہی۔ *ضلع ملیر* کی ٹیم نے لانڈھی اور منزل پمپ کے علاقوں کا جائزہ لیا، اور *ضلع کورنگی* میں دو معروف سپر اسٹورز اور تھیلیاں ساز کارخانوں کا معائنہ کیا گیا۔ *ضلع وسطی* کی ٹیم فیڈرل بی ایریا اور گول مارکیٹ میں سرگرم رہی، جبکہ *ضلع جنوبی* کی ٹیم نے اوشین مال اور *ضلع غربی* کی ٹیم نے نواحی علاقوں کی مارکیٹوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی سیپا وقار حسین پھلپوٹو نے اپنے ایک پیغام میں عملے اور افسران سے کہا کہ وہ اس پابندی کے نفاذ کو جانفشانی سے یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ کسی بھی قسم کی مزاحمت کی صورت میں افہام و تفہیم سے کام لیا جائے، کیونکہ بعض اوقات کوتاہ اندیشی طویل المدتی فوائد کی راہ میں حائل ہونے کی کوشش کرتی ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ اپنے مقصد سے جڑے مستقل مزاج لوگ ہمیشہ بہتری کی کوششیں جاری رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے دو ماہ قبل صوبے بھر میں ہر قسم کی پلاسٹک کی تھیلیوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر دو ماہ کی مہلت کے ساتھ پابندی عائد کی تھی جو 15 جون سے پورے صوبے میں نافذ العمل ہے۔ سیپا کی مانیٹرنگ ٹیمیں صوبے بھر میں اس پابندی کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
Back