سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے افسران اور فیلڈ عملے کو صنعتی ماحولیاتی نگرانی، ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کے لیے تیار کردہ سافٹ ویئر

سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے افسران اور فیلڈ عملے کو صنعتی ماحولیاتی نگرانی، ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کے لیے تیار کردہ سافٹ ویئر

Posted on: 02 Nov 2026   Tags:

کراچی(02 نومبر) سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے افسران اور فیلڈ عملے کو صنعتی ماحولیاتی نگرانی، معائنے اور جانچ کے نظام کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کے لیے تیار کردہ سافٹ ویئر کے استعمال سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس سلسلے میں منعقدہ تربیتی سیشن سے سیکریٹری محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل احمد عُقیلی نے بھی خطاب کیا اور افسران کو ماحولیاتی نگرانی کے نظام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
محکمہ ماحولیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت تیار کردہ اس سافٹ ویئر کا مقصد سیپا کے صنعتی نگرانی، فیلڈ انسپیکشن، ماحولیاتی جانچ، منظوریوں اور قانونی کارروائیوں سے متعلق امور کو ڈیجیٹل نظام کے تحت خودکار بنانا ہے۔ تربیت میں محکمہ کے آئی ٹی ماہرین اور سیپا کے متعلقہ افسران، بالخصوص فیلڈ میں صنعتی معائنے اور ماحولیاتی نگرانی کے فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
تربیتی سیشن کے دوران شرکاء کو سافٹ ویئر کے مختلف ماڈیولز کے استعمال اور عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا، جن میں آن لائن پورٹل، صنعتی نگرانی، مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ، ماحولیاتی اثرات کے جائزے (EIA) اور ابتدائی ماحولیاتی جائزے (IEE) کے منظوری کے مراحل، ماحولیاتی انتظامی منصوبوں (EMP) کی جانچ، صنعتی معائنہ و قانونی کارروائی، شکایات کے اندراج اور ازالے کا نظام، موبائل ایپلیکیشن اور لیبارٹری سے متعلق امور و منظوریوں کا ڈیجیٹل طریقہ کار شامل ہیں۔
شرکاء کو مختلف ماڈیولز پر عملی مشقیں بھی کروائی گئیں تاکہ صنعتی اداروں کے معائنے، نگرانی کی رپورٹنگ، ماحولیاتی منظوریوں اور شکایات کے ازالے سمیت روزمرہ کے ریگولیٹری امور کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دینے کی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے۔ اس تربیت کا مقصد سیپا کے انتظامی و ریگولیٹری نظام میں ڈیجیٹلائزیشن اور خودکاری کو فروغ دینا، کاغذی کارروائی پر انحصار کم کرنا، صنعتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، ڈیٹا کی دستیابی اور شفافیت کو بہتر بنانا اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

Back