پلاسٹک بیگز پر پابندی: سندھ بھر میں سیپا کی تیسرے روز بھی کارروائیاں، عوام سے تعاون کی اپیل
پلاسٹک بیگز پر پابندی: سندھ بھر میں سیپا کی تیسرے روز بھی کارروائیاں، عوام سے تعاون کی اپیل
Posted on: 19 Jun 2025 Tags:*پریس ریلیز*
مورخہ 18 جون 2025
*پلاسٹک بیگز پر پابندی: سندھ بھر میں سیپا کی تیسرے روز بھی کارروائیاں، عوام سے تعاون کی اپیل*
*کراچی:* ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) نے صوبے بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے نفاذ کو آج تیسرے روز بھی جاری رکھا۔ اس مہم کا مقصد ماحول کو پلاسٹک کی آلودگی سے بچانا ہے جو طویل عرصے تک ماحول میں موجود رہتی ہے۔
سیپا کی ٹیموں نے آج کراچی کے وسطی اور مضافاتی علاقوں بشمول سرجانی ٹاؤن، گلشن حدید، گلشن معمار، صفورا گوٹھ، جیل چورنگی، بہادرآباد، طارق روڈ، شہید ملت روڈ، ڈی ایچ اے اور کلفٹن کی سپر مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ، میٹرول، سائٹ ایریا اور بلدیہ ٹاؤن میں پلاسٹک کی تھیلیاں بنانے والی فیکٹریوں کو بھی پابندی کا نوٹس جاری کیا گیا۔ سندھ کے تمام اضلاع جہاں سیپا کے دفاتر موجود ہیں، وہاں کا فیلڈ عملہ بھی پابندی پر عمل درآمد کرانے میں مصروف رہا۔ ان ٹیموں میں ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، فیلڈ سپروائزرز، انسپکٹرز اور فیلڈ اسسٹنٹس شامل ہیں۔
سیپا کی ٹیموں نے دکانداروں اور تاجروں کو سختی سے تنبیہ کی اور پابندی کا حکم نامہ مارکیٹوں میں چسپاں کیا۔ انہیں واضح کیا گیا کہ پلاسٹک کے وہ بیگز جو ماحول میں نہیں گلتے یا جزوی طور پر گلتے ہیں، ان پر مکمل پابندی ہے۔ تاہم، پلاسٹک کے وہ بیگز جو مکمل طور پر گل جاتے ہیں، ان پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ اس کے باوجود، کپڑے کے تھیلوں کو بہترین متبادل کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ جو تاجر اور دکاندار نوٹس وصول کر چکے ہیں، ان کے پاس اب پابندی سے لاعلمی کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا ہے۔
ڈی جی سیپا وقار حسین پھلپوٹو نے اس مہم کے حوالے سے کہا، "ابتداء میں پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو باز رہنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پابندی پر عمل درآمد تاجروں اور عوام کے تعاون سے ہی یقینی بنایا جائے گا۔ وقار پھلپوٹو نے خبردار کیا کہ "منع کرنے کے باوجود پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔" تاہم، انہوں نے زور دیا کہ پہلی کوشش افہام و تفہیم سے پابندی نافذ کرنا ہے۔
ڈی جی سیپا نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور سپر مارکیٹس نے پابندی پر عمل کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متوسط اور نچلے طبقے کے علاقوں کے تاجروں سے بھی پابندی پر عمل کرایا جائے گا۔ وقار پھلپوٹو نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا، "عوام سمجھدار ہیں جو چند لمحوں کی سہولت کے لیے ماحول کو سو سال تک نقصان نہیں پہنچائیں گے۔" انہوں نے واضح کیا کہ سیپا عوام تک آگہی پھیلانے کا کام ساتھ ہی ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔
Back